فلپائن کی سمندری حدودسے انڈونیشیاء کا بحری جہاز کا اغوا

ابوسیاف نامی اغواء کارگروپ کادومرتبہ فون بھی آیا، تاوان طلب کررہے ہیں،انڈونشی وزارت خارجہ کا بیان

منگل 29 مارچ 2016 21:50

فلپائن کی سمندری حدودسے انڈونیشیاء کا بحری جہاز کا اغوا

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء) فلپائن کی سمندری حدودسے انڈونیشیاکا بحری جہاز اغواء کرلیاگیا،جہاز پر سواردس انڈونیشی باشندوں کوبھی یرغمال بنالیاگیا ہے جبکہ اغواء کارتاوان کا مطالبہ کررہے ہیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ فلپائنی سمندری حدود میں ایک مال بردار بحری جہاز کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے اغوا کر لیا ہے، اِس جہاز پر سوار دس انڈونیشی باشندوں کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جکارتہ کی وزارت خارجہ کے مطابق بحری جہاز کے مالک کو عسکریت پسند ابو سیاف گروپ کی جانب سے دو مرتبہ ٹیلیفون کیا جا چکا ہے اور وہ تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اولین ترجیح دس انڈونیشی باشندوں کی محفوظ بازیابی ہے۔ بحری جہاز کی مالک کمپنی نے مغویوں کے خاندانوں کو بھی اِس واقعہ کے بارے میں مطلع کر دیا ہے۔ ابو سیاف گروپ کو امریکا اور فلپائن نے دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔