سرخ گلاب کی بہتر دیکھ بھال سے فی ایکڑ سالانہ 120 من پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، محکمہ زراعت راولپنڈی

ہفتہ 9 اپریل 2016 15:19

راولپنڈی۔09 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اپریل۔2016ء) محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سرخ گلاب کی بہتر دیکھ بھال سے ایک ایکڑ میں 5000 تا 6000 پودوں سے 80 تا 120 من پھول سالانہ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق کاشتکار گلاب کی کاشت کیلئے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں پودے گرمی اور سردی کی شدت سے بچ سکیں۔ نرسری کاشت کرنے کی صورت میں قلموں کا باہمی فاصلہ 6 تا 9 انچ جبکہ قطاروں کا فاصلہ 9 انچ رکھیں۔

(جاری ہے)

ہر 4 قطاروں کے بعد 1 تا ڈیڑھ فٹ خالی جگہ چھوڑیں تاکہ آسانی سے گوڈی کی جا سکے۔ جب گلاب کی قلموں کی عمر ایک سال ہو جائے تو گلاب کو کھیت میں منتقل کر دیں۔ کھیت میں منتقلی کے دوران پودوں اور قطاروں کے درمیان اڑھائی فٹ کا فاصلہ برقرار رکھیں۔ ایک سال کے دوران اچھی فصل کی کم و بیش 180 چنائیاں حاصل ہوتی ہیں۔ کٹائی کے وقت پھول کی ڈنڈی 40 سینٹی میٹر سے90 سینٹی میٹر تک رکھیں۔ کٹائی کے فوراً بعد پھولوں کو صاف پانی میں رکھ دیں تاکہ پھول مارکیٹ پہنچنے تک تروتازہ رہیں۔