لاہور پریس کلب کے ممبران، سٹاف اور ان کی فیملیز کے علاج معالجے کے لئے لاہور پریس کلب اور ثریاعظیم ہسپتال کے مابین معاہدہ طے پا گیا

پیر 6 جون 2016 22:51

لاہور۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 جون۔2016ء ) لاہور پریس کلب اور ثریاعظیم ہسپتال کے مابین پریس کلب کے ممبران،سٹاف اور ان کی فیملیز کے علاج معالجے کے لئے معاہدہ طے پاگیا۔لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہبازمیاں اور صدرثریاعظیم ہسپتال وامیر جماعت اسلامی لاہورذکراللہ مجاہد نے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ اس موقع پر پریس کلب کے نائب صدرعبدالمجید ساجد،ممبر گورننگ باڈی شیر افضل بٹ، پی یوجے دستور کے صدر حامد ریاض ڈوگر،سینئرنائب صدرپی یو جے دستورچوہدری محمد اصغر، گوہربٹ،شبیرعثمانی، احسان بھٹی،عبدالعزیز عابد اور نصیرالدین بھی موجود تھے۔

معاہدے کے مطابق ممبران کو پرائیویٹ روم میں داخلہ فیس، الٹراساؤنڈ، ایکسرے،آپریشن اور گائنی کیسزمیں پچیس فیصدرعایت دی جائے گی جبکہ انتہائی ضرورت مند ممبران کوہسپتال انتظامیہ کی اجازت سے پچاس فیصد تک علاج معالجے میں رعایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب کے صدر محمدشہبازمیاں نے ثریاعظیم ہسپتال کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ موجودہ گورننگ باڈی خدمت میں یقین رکھتی ہے اور وہ ممبران کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لانے کی کوششوں میں عمل پیرا ہے ۔

ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ ہمارامقصدخدمت خلق ہے اور ہمارے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہم ملک کے اہم ستون کے کارکنوں کے علاج معالجے میں سہولت فراہم کرسکیں گے۔پی یوجے دستورکے صدرحامد ریاض ڈوگر کاکہناتھاکہ کارکنان کی خدمت ایک اہم فریضہ ہے فلاح و بہبودکے ایسے معاہدات تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہیے۔

متعلقہ عنوان :