کاشتکار کماد کی فصل کو بوررز کے حملہ سے بچانے کیلئے ٹرائیکوگراما کے کارڈز لگائیں، محکمہ زراعت

ہفتہ 18 جون 2016 15:04

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جون۔2016ء) کماد کی فصل کو بوررز کے حملہ سے بچانے کیلئے ٹرائیکوگراما کے کارڈز لگائیں۔ کارڈز دفتر ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع مظفر گڑھ سے بلامعاوضہ دستیاب ہیں۔ ٹرائیکوگراما سے بوررز کا خاتمہ اور زرعی زہر پر خرچ ہونے والی رقم کی بچت اور ماحول کو آلودگی سے بچانے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار مہر عابد حسین ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع مظفر گڑھ نے ضلع میں کماد کی فصل کے معائنہ کے موقع پر کاشتکاروں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کماد کی فصل پر حملہ آور بوررز میں چوٹی کا گڑوواں /بورر ،تنے کا بورر، جڑ کے بورر اور گورداسپوری بورر شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت نے کہا کہ چوٹی کا گڑوواں /بورر کماد کی فصل پر حملہ آور ہونے والا اہم کیڑا ہے ۔

(جاری ہے)

سنڈی کا رنگ سفید اور پیٹ پر لمبے رخ ایک گہرے بھورے رنگ کی دھاری ہوتی ہے۔ گنے کی چوٹی کی طرف شاخوں کا گچھا سا بن جاتا ہے۔

سردیوں میں یہ کیڑا سنڈی کی حالت میں گنے کی چوٹی میں ہوتا ہے۔تنے کے بورر کی سنڈی کا رنگ مٹیالا سفید یا زرد اور جسم کے اوپر بھورے رنگ کی پانچ دھاریاں ہوتی ہیں۔ سردیاں سنڈی کی حالت میں مڈھوں میں گزارتا ہے۔ سنڈی جولائی میں تنے میں سرنگیں بناتی ہے اور یہ عمل ستمبراکتوبر تک جاری رہتا ہے۔ گنے کے پہلو میں شاخیں نکل آتی ہیں۔ خشک سالی میں نقصان زیادہ ہوتا ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت نے بتایا کہ جڑ کے بورر کی سنڈی کا رنگ سفید دودھیا، سر کا رنگ زرد بھورا اور جسم جھری دار ہوتا ہے۔یہ کیڑا موسم سرما سنڈی کی حالت میں مڈھوں میں گزارتا ہے۔ سنڈی زمین کی سطح کے برابر مڈھ کے تنے میں سوراخ کرکے داخل ہوتی ہے اور سرنگ بناتی ہوئی نیچے چلی جاتی ہے۔خشک سالی میں نقصان زیادہ ہوتاہے۔