مون سون میں پھول دار پودوں کو نقصان سے بچایا جائے ، محکمہ زراعت

ہفتہ 18 جون 2016 16:13

راولپنڈی۔18 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جون ۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے موسم میں پھول دار پودوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے اس لیے باغبان احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہاکہ فلوری کلچر اینڈ لینڈ سکیپنگ کے ماہرین نے تمام سٹیک ہولڈرز اور بالخصوص کٹ فلاورز کے پیداواری کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق موجودہ سال مون سون کی بارشیں زیادہ ہونے کی توقع ہے لہٰذا کاشتکار اپنے کھیتوں میں پانی کے نکاس کو بہتر سے بہترین بنائیں۔

گرین ہاؤس کے لیول کو اونچا کریں تا کہ باہر سے پانی گرین ہاوس میں داخل نہ ہو سکے۔ پھولوں کی تمام پنیری اور ایسے پودے جن کو پانی سے نقصان ہو سکتا ہے انہیں اونچی جگہوں پر منتقل کر کے نقصان سے بچائیں۔