شہر کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی مرتب کر کے اس پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے، نواب ثناء اﷲ خان زہری

جمعہ 15 جولائی 2016 22:27

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جولائی ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی کی ہونے والی ملاقات میں کوئٹہ کی ترقی اور شہر کو درپیش مسائل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے جس کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی مرتب کر کے اس پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے، نئے مالی سال میں کوئٹہ کی ترقی کے لیے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم کے کوئٹہ پیکج میں بھی مختلف اہم منصوبے شامل ہیں، جن پر عملدرآمد سے شہر کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہری مثبت تبدیلی محسوس کریں گے، اراکین صوبائی اسمبلی نے شہر کی صفائی کے لیے جاری خصوصی مہم ، خوبصورتی کی بحالی اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ کی ذاتی دلچسپی کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ جلد کوئٹہ کا شمار ملک کے صاف ستھرے اور خوبصورت شہروں میں ہوگا، ملاقات میں شہر کو پینے کے صاف پانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے طے کیا گیا کہ واسا کو صورتحال کی فوری بہتری کے لیے اقدامات کی ہدایت کی جائے گی اور واسا کو مالی اور انتظامی حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پانی کی کمی کے سنگین مسئلے کے حل کے لیے پٹ فیڈر سے کوئٹہ کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر نواب ایاز خان جوگیزئی، صوبائی مشیر سردار رضا محمد بڑیچ اور اراکین صوبائی اسمبلی منظور احمد کاکڑ، نصراﷲ زیرے، طاہر محمود اور سید رضا آغا شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :