ماہرین زراعت کی بارانی علاقوں میں وتر زیادہ دیر تک محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

ہفتہ 30 جولائی 2016 16:15

فیصل آباد۔30 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی۔2016ء) ماہرین زراعت نے موسم گرما میں کم بارشوں کے باعث بارانی علاقوں میں وتر زیادہ دیر تک محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ چونکہ سالانہ بارشوں کا دو تہائی حصہ موسم گرما اور ایک تہائی حصہ موسم سرما پر مشتمل ہوتاہے لہٰذا ان علاقوں میں فصلات خریف تو براہ راست بارشوں سے مستفید ہوتی ہیں لیکن فصلات ربیع کیلئے موسم گرما کی بارشوں سے پیداشدہ وتر کو محفوظ کرکے کام چلایاجاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ بہتر پیداوار کا حصول اسی بات پر منحصر ہے کہ کاشتکار ایسے طریقے اختیار کریں کہ موسم گرما کی بارشوں کا پانی بہہ کر ضائع ہونے کی بجائے زیادہ سے زیادہ زمین میں جذب کرلیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وتر محفوظ کرنے سے فصلات ربیع کی پیداوار میں 25 فیصد تک اضافہ کیاجاسکتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ کاشتکار گہراہل چلا کر ، وٹ بندی مضبوط ، ہمواری زمین اور ڈھلوان سطح کی مخالف سمت میں ہل چلا کر وتر کو زیادہ دیرتک محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔