جامن کو مختلف قسم کی زمینوں میں لگایا جا سکتا ہے ، محکمہ زراعت

ہفتہ 30 جولائی 2016 16:35

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء ) جامن کو مختلف قسم کی زمینوں میں لگایا جا سکتا ہے لیکن ریتلی، سخت تہہ والی اور سیم زدہ زمین اس کی کاشت کیلئے غیر موزوں ہے۔ اچھی بڑھوتری اور پیداوار کے لئے گہری اور اچھے نکاس والی بھاری میرا زمین زیادہ موزوں ہے۔جامن کی افزائش بذریعہ بیج اور نباتاتی طریقے سے کی جا سکتی ہے۔

تخمی پودے صحیح النسل نہیں ہوتے ان کو روٹ سٹاک کے طور پر استعمال کر کے اچھی نسل کے پودے بذریعہ ”چشمہ یا بغل گیر پیوند “ کیے جاتے ہیں۔ روٹ سٹاک تیار کرنے کے لئے بیج کو جولائی، اگست میں 22 سے 30 سینٹی میٹر فاصلے کی پٹڑیوں پر 15 سینٹی میٹر فاصلے پر لگا کر پانی دے دیں، بیج دو، تین ہفتوں میں اگ آتے ہیں۔ تیار شدہ سٹاک کو جولائی / اگست میں گملوں میں منتقل کریں۔

(جاری ہے)

دس پندرہ روز کے بعد ان گملوں کو اعلیٰ اقسام کے پودے کے ساتھ بغل گیر طریقے سے پیوند کریں۔ باغ لگانے کی صورت میں 7.5 سے 9.0 میٹر کا فاصلہ رکھیں۔ ہوا توڑ باڑ لگانے کی صورت میں ان کو 5 سے 7 میٹر کے فاصلے پر لگائیں، منتقلی کے وقت پودے کی عمر کم از کم دو سال ہونی چاہیے۔ گاچی نکالتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ جڑیں کم سے کم کٹیں۔ جڑوں اور پتوں کا تناسب برقرار رکھنے کے لئے پودوں کو چوٹی سے تھوڑا سا کاٹ دیں۔ پودے شام کے وقت باغ میں منتقل کریں اور منتقلی کے فوراً بعد پانی لگا دیں۔شروع شروع میں ہفتہ میں ایک بار پانی لگائیں جب پودا جڑ پکڑ لے تو دو ہفتوں کے بعد اور درخت بن جانے پر موسم سرما میں ایک ماہ بعد البتہ موسم گرما میں دو ہفتے بعد پانی دیں۔

متعلقہ عنوان :