کپاس کی اہمیت کے پیش نظرکاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کو ملتان منتقل کیا جا رہا ہے،سیکرٹری زراعت پنجاب

ہفتہ 6 اگست 2016 13:43

ملتان۔6 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اگست۔2016ء) جنوبی پنجاب میں کپاس کے زیر کاشت رقبہ اور اور پیداوار کی اہمیت کے پیش نظر کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کو ملتان منتقل کیا جا رہا ہے تا کہ کپاس کی فصل پر تحقیق کا عمل کاٹن زون کی آب وہو اور موسمی حالات کے مطابق کیا جا سکے ۔یہ باتسیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کاٹن ریسرچ سٹیشن ملتان میں لگائی گئی کپاس کی مختلف اقسام کے معائنہ کے دوران کہی۔

اس موقع پر وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگری کلچرپروفیسر ڈاکٹر آصف علی ،ڈائریکٹر جنرل(ریسرچ) ڈاکٹر عابد محمود،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات محمد رفیق اختر،ڈائریکٹرکاٹن ڈاکٹر صغیر احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر سائنسدان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت نے ڈائریکٹر جنرل(ریسرچ)کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ کپاس کی چھوٹے قد اور تھوڑے عرصے میں تیار ہونے والی ایسی اقسام تیار کریں جو موسمی تغیرات کا مقابلہ کر سکیں نیز کیڑوں اور بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت اور پانی کی کمی کو برادشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہوں۔

انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کپاس پر تحقیق کے عمل کو مزید تیز کیا جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کے معیاری تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری زراعت نے فلوری کلچر ریسرچ سب سٹیشن کا دورہ اورڈی ہائیڈریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اورریسرچرز کو ہدایت کی کہ گلاب پر تحقیق کے کام کو مزید تیز کیا جائے اور خطے میں گلاب کی کاشت کا ڈیجیٹل سروے بھی جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :