ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ سانحہ کوئٹہ میں‌’را‘ ملوث ہے ۔وزیر اعلی بلوچستان

مودی کا جو یار ہے، غدار ہے ، غدار ہے ۔ وزیر اعلی بلوچستان کے نعرے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 اگست 2016 14:28

ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ سانحہ کوئٹہ میں‌’را‘ ملوث ہے ۔وزیر اعلی بلوچستان

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اگست 2016ء) : کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے کہا کہ میں سانحہ کوئٹہ سے متعلق ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ سانحہ کوئٹہ میں بھارتی ایجنسی ”را“ ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کارروائیوں میں بھی بھارتی ایجنسی را ملوث رہی ہے۔ کلبھوشن یادیو کے تمام نیٹ ورک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے براہمداغ بگٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہندوؤں سے ملنے والے کچھ ٹکوں کے لیے اپنے ہی بھائیوں کو شہید کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہی براہمداغ بگٹی اور دیگر شر پسندوں کو سپانسر کر رہا ہے۔ براہمداغ بگٹی نے مودی کو سلام پیش کر کے غداری کی ، براہمداغ نے ہندوستانی ایجنٹ بن کر بلوچستان میں خون کی ندیاں بہائیں۔

(جاری ہے)

لیکن ہم شہدا کے ساتھ غداری نہیں کریں گے، اور بلوچستان میں پاکستان دشمنی کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا بلوچستان کو آزادی دلوا کر ہندوؤں کی غلامی دینا چاہتے ہو۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں لوگ کسی کے کہنے پر باہر نہیں آئے۔ لوگ مودی کے بیان پر احتجاج کرنے کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ثنا اللہ زہری نے کہا کہ بھارت نے جو جنگ شروع کی ہے اس میں فتح ہماری ہی ہو گی۔

دہشتگرد جہاں بھی ہوں گے انہیں ان کے اپنے بلوں سے نکال کر باہر لایا جائے گا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب میں بھارتی یوم آزادی کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر مذمتی قرارداد بھی پڑھ کر سنائی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے باغی بھارت سے فنڈز حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور ایک جمہوری حکومت کے تحت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں شہدا کے لہو کی قسم ہم دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔ تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھارتی وزیر اعظم اور ان کے حامیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا جو یار ہے،غدار ہے، غدار ہے ۔

متعلقہ عنوان :