امریکی وزیر خارجہ جان کیری نئی دہلی کی ٹریفک میں پھنس گئے

منگل 30 اگست 2016 21:28

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نئی دہلی کی ٹریفک میں پھنس گئے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بارش کے باعث ٹریفک جام میں تقریبا ایک گھنٹے تک پھنسے رہے۔امریکی وزیر خارجہ بنگلا دیش کے مختصر دورہ کے بعد جب نئی دہلی پہنچے جہاں وہ کئی اہم بھارتی سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے ٗان کا قافلہ ایئرپورٹ سے ہوٹل کی جانب روانہ ہوا تو انہیں اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ٹریفک جام میں پھنس گئے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہوگیا۔

(جاری ہے)

اگر امریکی میڈیا کی جانب سے سوشل میڈیا پر تبصرے نہ کیے جاتے تو شائد بھارتی حکام کو بھی اپنے امریکی مہمان کا خیال نہ آتا۔ امریکی میڈیا میں اس حوالے سے خبریں نشر ہوئی تو بھارتی اور امریکی سیکیورٹی اداروں نے جان کیری کے قافلے کو گھیرے میں لے کر انہیں اس صورت حال سے نجات دلائی اور بالآخر وہ ہوٹل تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکے۔دوسری جانب بھارتی حکام نے میں نا مانوں کی مثال قائم کرتے ہوئے کہا کہ جان کیری کو سربراہان مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور ان کا قافلہ بھی انہیں دی گئی سیکیورٹی ہی کی بدولت ٹریفک جام میں پھنسا۔