آلائشوں کوبروقت ٹھکانے لگانے اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اسپیشل صفائی پلان مرتب کرلیا گیا ہے،محمد منشاء اللہ بٹ

اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ایس ڈبلیو ایم سی کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،رکن صوبائی اسمبلی

پیر 5 ستمبر 2016 23:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 ستمبر ۔2016ء) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پرشہر بھر سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں ، انتڑیوں اور فضلہ جات کوبروقت اٹھا کر حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق ٹھکانے لگانے اور شہریوں کوصاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اسپیشل صفائی پلان مرتب کرلیا گیا اور اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ایس ڈبلیو ایم سی کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی۔

یہ بات انہوں نے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے چودھری محمد اکرام ، ایم ڈی ایس ڈبلیو ایم سی شیراز نواز وڑائچ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایم پی اے محمد منشاء اللہ بٹ نے سینئر آپریشن منیجر کو ہدایت کی کہ عید الاضحی کے موقع پر عیدگاہوں، امام بارگاہوں اور عید کے اجتماعات کو جانے والے راستوں کی خصوصی صفائی کرکے چونا کاری کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمپنی کے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ ڈیوٹی روسٹرز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ملازمین کی حاضری چیک کریں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کمپنی کے حکام اور ملازمین اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری اور جانفشانی سے انجام دیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے ۔

ایم ڈی شیراز نواز نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ جات کولفٹ کرنے اور تعفن کو پھیلنے سے روکنے کیلئے 25سے30ہزار بڑے شاپر بیگز بھی شہریوں میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ جات کو لفٹ کرنے کیلئے 2ٹرانسفر اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جبکہ شہر کے 24یونین کونسلوں کیلئے فی کس 2پک اپ وین بھی آپریشن کا حصہ ہونگی ۔

انہوں نے بتایا کہ شہری اپنی شکایات ہیلپ لائن نمبر1139پر نوٹ کروا سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آلائشوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈمپ کرنے کیلئے ڈمپنگ سائیٹ پر گڑھے کھود لئے گئے ہیں جہاں پر آلائشوں کو اب گڑھوں میں ڈال کر ان کو مٹی سے ڈھانپ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن میں ساڑھے آٹھ سو ورکرز حصہ لیں گے جن کوگانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ماسک ، گلوز اور جواگر شوز دیئے جائیں گے