پودوں کی سفارش کردہ اقسام کا انتخاب کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے،ماہرین زراعت

جمعرات 22 ستمبر 2016 15:23

فیصل آباد۔22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 ستمبر۔2016ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ نئے باغات لگانے کیلئے باغبان سدا بہار پودے ستمبر کے آخرتک جبکہ پت جھڑ پودے جنوری میں لگا سکتے ہیں نیز پودوں کا انتخاب سفارش کردہ اقسام کے مطابق کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پودے صحت مند اور پیوندی جوڑ کے پکے اورکم از کم 20سینٹی میٹر تک زمین سے اونچے ہونے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان ٹیڑھے اور بھدے پودے باغبات میں لگانے کیلئے ہرگز منتخب نہ کریں اور نرسری سے پودوں کی باغات تک منتقلی کاوقفہ بھی انتہائی کم رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ باغات میں پودے لگاتے وقت جڑیں اور تنے اس سطح پر رکھے جائیں جتنے نرسری میں تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پودوں کی غذائی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے کھادوں اور آبپاشی کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کرناچاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ بارانی علاقوں میں چونکہ آبپاشی کا دارو مدار بارشوں پر ہوتاہے اور بارشوں کا کوئی شیڈول بھی نہیں ہوتالہٰذا باغات لگانے کیلئے ایسے مقامات پر زمین کا انتخاب کرنا چاہیے جہاں متبادل ذرائع سے پانی دستیاب ہوسکے۔