کابلی چنے کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو جدیدسفارشات سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز

جمعرات 22 ستمبر 2016 15:23

فیصل آباد۔22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 ستمبر۔2016ء)پنجاب سمیت ملک بھر میں کابلی چنے کے استعمال میں اضافہ کے باعث ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایران ، آسٹریلیا ، ترکی سے کابلی چنے کی درآمد بڑھا دی گئی ہے جبکہ محکمہ زراعت نے ملک میں کابلی چنے کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو جدیدسفارشات سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغازکردیا ہے تاکہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث چنے کی اوسط پیداوار جو اس وقت 5من فی ایکڑ کے قریب ہے میں اضافہ کرکے چنے کی درآمد پر خرچ کیاجانیوالا قیمتی زرمبادلہ بچانے کی کوششوں کو تقویت حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ خصوصی شعور و آگاہی مہم کے دوران چنے کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو ترغیب دی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ جہاں ملک میں کابلی چنے کے استعمال میں اضافہ ہواہے وہیں چنے کی دال بھی خاص اہمیت اختیار کرچکی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں اس وقت تقریباً ساڑھے 24لاکھ ایکڑ رقبے پرچنا کاشت کیا جارہاہے جو پاکستان میں چنے کے زیرکاشت کل رقبے کا تقریباً81فیصد ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اگر پنجاب میں چنے کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرلیا جائے تو ملکی سطح پردالوں کی فراہمی کی صورتحال میں بھی بڑی حد تک بہتری آسکتی ہے۔