فاٹا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد ضروری ہے،شہریار خان آفریدی

جمعہ 30 ستمبر 2016 15:15

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں ہر قسم کے خوف سے بالاتر ہو کر اپنے داخلی معاملات کو سلجھانا ہوگا۔ فاٹا کے ساتھ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کے ازالہ پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ فاٹا کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں کیونکہ انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود کبھی پاکستان کے خلاف نعرہ نہیں لگایا، فاٹا کے حالات کو مقبوضہ کشمیر کے حالات سے تشبیہہ دینے کی مذمت کرتے ہیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہماری ”ماں“ کا درجہ رکھتی ہے جب بھی اس پر حرف آئے گا ہم اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاٹا کو بھارتی مقبوضہ کشمیر سے مشابہت کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ فاٹا میں مظالم ہوئے مگر وہاں پر کسی نے پاکستان کے خلاف نعرہ نہیں لگایا۔

ہمیں ملک کے داخلی مسائل پر بات کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ جن لوگوں کے بزرگوں نے انگریزوں سے حلف لئے انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ وہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن ہیں، انہیں صرف اور صرف پاکستان کی بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں، ان کی املاک تباہ ہوئی ہیں، ان کی خاطر خواہ مدد نہیں کی گئی۔ فاٹا کے لوگ محب وطن پاکستانی ہیں، ہمیں ماضی کو بھلا کر پاکستان کی تعمیر نو پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

ہمیں تمام دھمکیوں کو پس پشت ڈال کر دلیری سے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فاٹا کے لوگوں کی آواز سننی چاہئے۔ بحث سمیٹنے میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے۔ فاٹا میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ ایک صوبے میں دو نظام نہیں چل سکتے، فاٹا میں سرکاری محکموں کی استعداد کار بڑھانی ہوگی، سکولوں اور صحت کے مراکز میں عملہ موجود نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :