ڈاکٹر طاہر القادری انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت کیلئے اردن پہنچ گئے

اردن میں مفتی یروشلم٬شیخ محمد احمد حسین٬مفتی مصر شیخ علی جمعہ و دیگر سے ملاقات عالم اسلام کی بقا کیلئے داخلی اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی‘سربراہ عوامی تحریک

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری گزشتہ روز لندن سے اردن پہنچ گئے جہاں وہ حکومت اردن کی طرف سے منعقد کی جانے والی انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت اور خصوصی خطاب کریں گے ۔گزشتہ روز اردن میں ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے مفتی اعظم یروشلم شیخ محمد احمد حسین٬محدث شام شیخ محمدا لیعقوبی کے علاوہ عالم اسلام کی ممتاز شخصیات عبد اللہ بن بایا٬مفتی مصر شیخ علی جمعہ٬مفتی یمن شیخ محمد بن الحافظ٬شیخ حبیب علی جفری نے ملاقات کی اور عالم اسلام کو در پیش مقامی و بین الاقوامی مسائل و مشکلات پر تبادلہ خیال کیا ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے عالم اسلام کے بلند پایہ سکالرز سے گفتگو میں کہاکہ عالم اسلام کی بقا٬ترقی و خوشحالی کیلئے اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امت محمدیہ ﷺ کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے حوالے سے مفتیان و سکالرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت عالم اسلام کو سیاسی اعتبار سے دست و گریبان کر دیا گیا اور فرقہ ورانہ فسادات کے ذریعے امت مسلمہ کی سیاسی٬معاشی٬عسکری قوت کو ختم کیا جا رہا ہے ۔

اسلام کے نام پر قائم کئے گئے دہشتگرد گروپس دشمنان اسلام کے ایجنڈے کی تکمیل میں قوت محرکہ کا کام کر رہے ہیں ٬اسلامی ممالک کے درمیان ہر سطح پر سیاسی٬سماجی٬مذہبی٬معاشی حوالے سے ’’ گریٹ ڈیبیٹ‘‘ کی ضرورت ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں آج افتتاحی لیکچر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :