چنے کی پچھیتی کاشت رواں ہفتے مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 11 نومبر 2016 14:05

فیصل آباد۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء)کاشتکاروں کو چنے کی پچھیتی کاشت ہر حال میںرواں ہفتے کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ اگرچہ چنے کی کاشت کا بہترین وقت 15نومبر تک ہوتا ہے تاہم اگر کسی وجہ سے کاشتکار مقررہ وقت کے اندر چنے کی فصل کاشت نہیں کر سکے تو وہ 10دسمبر تک پچھیتی کاشت کر سکتے ہیں لیکن پچھیتی کاشت سے وہ بمپر کراپ حاصل نہیں ہو سکتی جو بروقت کاشت سے حاصل کی جا سکتی ہے اس لئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ تمام فصلات ماہرین زراعت کی مشاورت سے بروقت کاشت کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے بتایاکہ فیصل آباد ، جھنگ ، تھل ، خوشاب ، میانوالی ،لیہ، ساہیوال ، ملتان ، بہاولپور اور بہاولنگر سمیت وسطی و جنوبی پنجاب کے علاقوں میںموسم ربیع کی اہم پھلی دار فصل چنا کا شت کر کے بہترین پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی چنے کی فی ایکڑ پیداورار میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا چنے کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ چنے کی دیسی اقسام بٹل 98، پنجاب 2008،بلکسر 2000، ونہار 2000، تھل 2006، سی ایم 98،کابلی قسم نور 91اور سی ایم 2008 کی بروقت کاشت یقینی بنائیں تاکہ انہیں مالی منفعت حاصل ہو سکے۔