اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے جمعہ و اتوار بازاروں کو مزید منظم و فعال بنایا جائے، ترجمان فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ

جمعرات 24 نومبر 2016 15:14

فیصل آباد۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے متعلقہ حکام سے کہاہے کہ عوام کو رعائتی نرخوں پر معیاری اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے جمعہ و اتوار بازاروں کو مزید منظم و فعال بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے اور متعلقہ حکام سے کہاگیاہے کہ وہ جمعہ و اتوار بازاروں کا باقاعدگی سے خود معائنہ کریں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے تعاون سے وہاں تمام ضروری اشیاء کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری ان بازاروں سے کماحقہ مستفید ہوسکیں ۔

ترجمان نے متعلقہ حکام سے کہاہے کہ وہ ان بازاروں میں بزرگ صارفین کے بیٹھنے کا انتظام کرنے کے علاوہ ان کیلئے دیگر سہولیات کا بھی خاص خیال رکھیں ۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو ہدایت کی کہ سبزیوں، پھلوں اور کریانہ کی اشیاء کی کوالٹی اور دستیابی پر گہری نظر رکھی جائے اور سٹالوں پر موجود ہر شے پر الگ الگ پرائس ٹیگ لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک اور لیبر کے سٹاف کو چاہیے کہ وہ گوشت کے معیار اور اوزان و پیمائش کے آلات و کنڈوں کوباقاعدگی سے چیک کریں تاکہ کسی ہیراپھیری کااحتمال نہ رہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔