مڈھوں میں موجود گڑوئو ں کی سنڈیوں کی تلفی کیلئے کماد کو ایک انچ تک گہرا کا ٹا جائے،محکمہ زراعت

جمعرات 24 نومبر 2016 15:14

فیصل آباد۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء)محکمہ زراعت نے مڈھوں میں موجود گڑوئو ں کی سوئی ہوئی سنڈیوں کی تلفی کیلئے کماد کی فصل کو ایک انچ تک گہرا کا ٹنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹ سکتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کماد کی کٹائی گنے کی اقسام اور فصل کے پکنے کے عمل کو مد نظر رکھ کر کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کاشتکار پہلے ستمبر کاشت، مونڈھی فصل اور اگیتی پکنے والی اقسام برداشت کریں اس کے بعد درمیانی اور دیر سے پکنے والی اقسام برداشت کی جائیں ۔انہوںنے کہا کہ چوہے کے حملے اور گرنے کی صورت میں متاثرہ فصل کو پہلے کاٹا جائے اور گنے کی کٹائی سے کم از کم 25سے 30دن قبل آبپاشی کا سلسلہ بھی بند کر دیا جائے ۔ انہوںنے بتایاکہ گنا کاٹنے کے بعد جلد از جلد قریبی شوگر ملز کو سپلائی کر دیا جانا بھی ضروری ہوتاہے تاکہ وزن اور ریکوری میں کمی نہ آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں مونڈھی فصل نہ رکھنی ہو اس کھیت کو فوراً تیار کرکے گندم کی کاشت کا عمل مکمل کیاجاسکتاہے تاکہ گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ نہ رہے۔