کاشتکار ذخیر ہ شدہ مکئی کو نقصان سے بچانے کیلئے گودام صاف رکھیں ، زرعی ماہرین

بدھ 30 نومبر 2016 14:02

لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) مکئی کے کاشتکار فصل کو برداشت کرنے کے بعد ذخیرہ کرنے سے قبل گودام کو کیڑے مکوڑوں سے اچھی طرح پاک صاف کر لیں تاکہ ذخیرہ شدہ جنس کو نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔ زرعی ماہرین کے مطابق سونڈ والی سسری کا پروانہ،کھپرا اور سنڈی مکئی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور یہ دانوں کو اندر سے کھا کر کھوکھلا کر دیتے ہیں۔

دانوں کا پروانہ گوداموں میں مکئی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا کیڑا ہے۔ یہ سنڈیاں دانوں میں سوراخ کر کے اندر داخل ہو جاتی ہیں اور کویا بننے تک دانوں میں ہی رہتی ہیں۔کاشتکار گودام کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے انہیں صاف ستھرا رکھیںجبکہ فرش، دیواروں اور چھتوں میں موجود ددراڑیں یا سوراخ بھی اچھی طرح بند کر دیں۔

(جاری ہے)

گوداموں میں پہلے سے موجود خالی بوریوں میں چھپے کیڑوں کے تدارک کے لئے گوداموں کو حسب ضرورت گرم کریں۔

ایسے گودام جو بند کیے جا سکیں ان میں ایگٹاکسن کی دھونی بحساب 25 تا 30 گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم کریں۔ اس عمل کے دوران پرانی بوریاں بھی اس گودام میں رکھ دیں تاکہ ان میں موجود کھپرے، سسری کے انڈے اور بچے وغیرہ مر جائیں اور گودام میں محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ زہریں سپرے کریں۔ غلہ کی ذخیرہ اندوزی کے بعد یہ زہریں حسب ضرورت دیواروں اور بوریوں پر بھی سپرے کی جا سکتی ہیں۔

اس دوران گوداموں کی کھڑکیاں اور روشن دان اچھی طرح بند کر کے ایگٹاکسن یا ایلومینیم فاسفائیڈ کی 25 تا 30 گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم رکھ دیں اور دروازہ اچھی طرح بند کر دیں۔ گودام کو ایسی حالت میں کم از کم 7 دن تک اچھی طرح بند رکھیں۔ زہریلی دھونی کا عمل مکمل ہونے کے بعد گودام کھول کر ہوا لگوائیں اور اس میں غلہ سٹور کر لیں۔

متعلقہ عنوان :