ایف پی سی سی آئی کے انتخابات ، یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے مخالفین اب الٹی گنتی گننا شروع کردیں، مشترکہ بیان

جمعہ 9 دسمبر 2016 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2016ء)فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے انتخابات میں یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے مخالفین اب الٹی گنتی گننا شروع کردیں،ملک بھر کی بزنس کمیونٹی پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مین پینل کے گنے چنے افراد کے فیڈریشن کے وسائل کو لوٹنے کے ناپاک عزائم کو جان چکی ہے،شائستگی کا راگ الاپنے والے بے ہودگیوں پر اتر آئے ہیںجن کے اپنے ہی ووٹ نہیں وہ بڑھ چڑھ کر بڑے بول بول رہے ہیںمگر الیکشن بلندوبانگ دعووں سے نہیں بلکہ ووٹنگ پاور سے جیتے جاتے ہیں اور ووٹرز کی قوت یو نائٹیڈ بزنس گروپ کے ساتھ ہے اورہمارے گروپ کے صدارتی امیدوار زبیرطفیل سمیت تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سینئروائس چیئرمین سینیٹرعبدالحسیب خان، مرکزی ترجمان گلزار فیروز،یو بی جی پنجاب کے چیئرمین ایس ایم نصیر،یو بی جی سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرمرزا اختیار بیگ،عبدالسمیع خان،انجینئرداروخان اورممتاز شیخ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

یو بی جی لیڈران نے کہا کہ سال بھر اپنے بلوں میں چھپنے والے اب بزنس کمیونٹی کی خدمت کے دعویدار بن رہے ہیں اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات ہو ہی نہیں سکتی۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنمائوں نے کہا کہ پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیبرپختونخواہ کی بزنس کمیونٹی یو بی جی کے سایہ تلے یکجا ہوچکی ہے اور فیڈریشن الیکشن کیلئے پرجوش ہے ، فیڈریشن کے ووٹرز مخالفین کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے بلکہ ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنزکے نمائندوں کو یہ علم ہوچکا ہے کہ پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مین پینل کا صدارتی امیدوارانکی حق رائے دہی کو کچلنے کے درپہ ہے مگر ہم نادان مخالفین کو یہ بتادینا چاہتے ہیں کہ کوئی طاقت اب یو بی جی کے قافلے کو نہیں روک سکتی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یونائٹیڈ بزنس گروپ فیڈڑیشن انتخابات میں100فیصد کامیابی حاصل کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرکی قیادت میں ہمارا گروپ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کو جمہوری اندازمیں لیتے ہوئے بھرپورکامیابی حاصل کریگا اور یہ الیکشن فیڈریشن سے باقی ماندہ کرپٹ لوگوں سے پاک ہوجائے گاکیونکہ ا بھی عہدوں کے لالچیوںکو گھر بھیجنا باقی ہے اور ایسے افراد 30دسمبر کو شرمندہگی کا لبادہ اوڑھ کر اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں گے۔

یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز نے کہا کہ مخالف گروپ میں موجود افرادبزنس کمیونٹی کا خادم بننے کا دعویٰ کررہے ہیں مگر حقیقت تو یہ ہے کہ صرف ایک معمولی عہدہ لے کروہ اپنی وفادیاں فروخت کردیتے ہیں، تبدیلی کبھی جھوٹے نعروں سے نہیں آسکتی بلکہ اس کیلئے لوگوں کی عملی طور پر خدمت کرنا پڑتی ہے جوکہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت نے کی ہے جبکہ مخالف گروپ میں موجود افراد بزنس کمیونٹی کے فون سننا گوارہ نہیں کرتے تو وہ انکی خدمت کیسے کرسکیں گے۔ #