وفاقی حکومت نے 61کلومیٹر طویل سیالکوٹ نارووال شاہراہ کی توسیع کیلئے فنڈز جاری کردئیے

منگل 13 دسمبر 2016 22:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء)وفاقی حکومت نے 61کلومیٹر طویل سیالکوٹ نارووال شاہراہ کی چار رویہ تعمیر کیلئے فنڈز جاری کردئیے ۔شاہراہ کو نالہ ایک اور ڈیک کی سیلابی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے چھ نئے پل اور 40راہداری بھی تعمیرہونگی۔ منصوبہ پر کام کا آغاز جنوری 2017ء میں شرو ع ہوگا۔ اور 14ماہ میں مکمل کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شکر گڑھ ،پسرور، نارووال ،بدو ملہی کے عوام کے دیرینہ مطالبہ سیالکوٹ نارووال روڈ کی تعمیر کیلئے 3ارب 5کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان ،اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پلاننگ کمیشن پروفیسر احسن اقبال کے انتخابی حلقوں سے گزرنے والی سیالکو ٹ نارووال روڈ کی تعمیر کا آغاز جنوری 2017ء میں ہوگا۔

(جاری ہے)

اور مارچ 2018ء میں منصوبہ مکمل ہوجائیگا۔ 61کلومیٹر طویل شاہراہ کے دونوں اطراف سروس روڈ بھی تعمیر کی جائیں گی۔ جبکہ دھیرا سند ہ، ماڈل ٹائون، بڈیانہ ،پسرور ،قلعہ احمد آباد اور ڈمالا کی آبادیوں میں شاہراہ کے دونوں اطراف پختہ نالے تعمیر کئے جائیں گے۔ اسی طرح مذکورہ شاہراہ پر چھ مزید نئے پل بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ منصوبہ پر یک وقت تین مقامات پر کام کا آغاز کیا جائیگا۔ اور اسے مارچ 2018ء سے قبل مکمل کیا جائیگا۔ جبکہ سیالکوٹ نارووال روڈ کی تعمیر کی ذمہ داری نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کو سونپی جائیگی۔