ٹریفک حادثہ میں آٹھ زخمیوں کو بذریعہ ایمبولینس ٹراما سینٹر کوئٹہ روانہ کردیا گیا ،ڈپٹی کمشنر چاغی شہک بلوچ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 18:58

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر چاغی شہک بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت پر کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے والے 8افراد کو بذریعہ ایمبولینس ٹراما سینٹر کوئٹہ روانہ کردیا گیا جہاں پر زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں 7افراد جاں بحق ہوئے، تین جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد میتیں ان کے ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ چار میتیں جھلس جانے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہیں جن کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر میتوں کو لے جانے کے لئے حکومت کی جانب سے ایمبولینس کی فراہمی سمیت ورثا سے بھرپور معاونت کی گئی اورزخمی ہونے والے افراد کا کوئٹہ میں علاج معالجہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زخمی ہونے والے افراد میں منڈی بہاؤالدین، خیرپور کے محمد واجد، خیرپور ہنگوراجہ کے بخت حسین، منیراحمد، جعفر خان، نعمت اللہ، سعید احمد ، شبیر احمد اور عبدالغفور شامل ہیں جبکہ جاں بحق افراد میںپرویز، مالک شاہ، لکھمیر، دیدار، امتیاز، جمعہ خان اور ایک نامعلوم فرد شامل ہے۔