استور، گلگت سکردو روڈ پر پلوں کی تعمیرات، 14اگست سے پہلی5پل مکمل ہو ں گے،حاجی اکبر تاباں

پیر 16 جنوری 2017 13:41

استور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) سینئر صوبائی وزیر گلگت بلتستان حاجی اکبر تاباں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جی بی کی خصوصی ہدایت اور ہماری کوششوںسے گلگت سکردو روڈ پر پلوں کی تعمیرات کا کام شروع ہو چکا ہے اور اسی سال 14اگست سے پہلی5پل مکمل ہوں گے، ان پلوں کی تعمیر سے بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے جتنے بھی وعدے کئے ہیں انہیں من و عن پورا کیا جائے گا ہماری سیاست کا محور علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی بے لوث خدمت ہے جو لوگ سکردو گلگت روڈ پر اپنی سیاست چمکانے اور سادہ لوح عوام کو ورغلانے پر تلے ہوئے تھے انہیں اب اخلاقی طور پر مسلم لیگ ن کی مثبت پالیسیوںکی حمایت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام بخوبی آگاہ ہیں کہ علاقے میں مثبت تبدیلیاں لانے اور دورس نتائج کے حامل منصوبوں پر کام کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن نے بڑے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہماری حکومت میں ہی بلتستان یونیورسٹی پر کام شروع ہو گا۔