ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کواپنی پیداوار گریڈنگ کے بعد مارکیٹ بھجوانے کی ہدایت

جمعہ 27 جنوری 2017 14:20

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) زرعی ماہرین نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کواپنی پیداوار گریڈنگ کے بعد مارکیٹ بھجوانے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ پھلوںکا زیادہ تر نقصان اہم امور سے باغبان کی نا واقفیت کی وجہ سے ہوتا ہے جس میں گریڈنگ نہ ہونا بھی شامل ہے۔انہوںنے بتایاکہ اکثراوقات پھل کی زیادہ قیمت وصول کرنے کے لالچ میں پھل کوسیزن کے شروع میں توڑ لیا جا تا ہے جبکہ پھل پوری طرح تیار نہیں ہو تاجس سے پھل کی فعلیاتی پختگی اور تجارتی پختگی دونوں متاثر ہوتی ہیںنیز پھل جسامت میں کم رہتاہے اور رنگت میں سبز،بیرونی دلکشی و جازبیت سے محروم ہو نے کی وجہ سے مارکیٹ میں مناسب قیمت حاصل نہیں کر سکتا۔

انہوںنے کہاکہ پھلوںکو پودوں سے توڑنے کے بعد ایک اہم عمل انکی گریڈ نگ یا درجہ بندی ہے کیونکہ اس عمل میں پھلوں کو ایک چٹائی پر یا فیکٹری میں کنوئر بیلٹ پر چھانٹاجاتاہے اور سارے پھلوں کو مختلف گروہوں یا گریڈز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پھلوںکی درجہ بندی کیلئے پھل کا سائز، بیماری سے پاک ہو نا ، جلد کا صاف و مضبوط ہو نا اور رنگت کوملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایاکہ عالمی مارکیٹ کے معیار کے مطابق پھلوں کو تین گریڈز لاثانی، اول اور دوم درجہ میں تقسیم کیا جاتاہے۔انہوںنے بتایاکہ گریڈنگ کے بعد پھلوں کی پیکنگ کا عمل انتہائی اہم ہے اس لئے اچھی پاکستانی پیکنگ میں ایک ایک پھل کو علیحدہ پیک کرکے ایک اکٹھے کارٹن میں پیک کر نے سے نہ صرف پھل کو پیش کرنے کا انداز بہتر ہو تاہے بلکہ اس کی عمر میں بھی اضافہ ہوتاہے۔