ڈپٹی کمشنر قصور کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ ‘ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا

ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ‘پی ایچ اے حکام کو ہسپتال کے لانز میں گھاس، پھول اور پودے لگانے کی ہدایات‘مریض کی جانب سے ڈسپنسری سے ادویات نہ ملنے کا نوٹس ‘اے سی کو انکوائری کر کے رپورٹ کرنیکا حکم

جمعہ 10 فروری 2017 17:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ ‘ڈاکٹروں ‘پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ‘پی ایچ اے حکام کو ہسپتال کے لانز میں گھاس ، پھول اور دیگر پودے لگانے کی ہدایات۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ، اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ، ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال ،ایکسئین بلڈنگ محمد سلیم ، ایڈمنسٹریٹر آفیسر کرنل (ر) سید احمد شجاع ،ایڈمن آفیسر نائیلہ صدیق اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اپنے دورہ کے موقع پر ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور کلریکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا ۔

انہوں نے خاص طور پر ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کودی جانیوالی تمام طبی سہولیات کا تفصیلا ًجائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ہسپتال میں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا اور ایک مریض کی جانب سے ڈسپنسری سے ادویات نہ ملنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر قصور کو حکم دیا کہ چند ادویات میڈیسن سٹور سے ڈسپنسری تک بروقت نہ پہنچنے کے بارے میں مکمل انکوائری کر کے رپورٹ دیں تا کہ ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جاسکے ۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ایم ایس ہسپتال کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر خود ہسپتال ڈسپنسری میں تمام ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ادویات موجود ہیں ۔

ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان ادویات کو ایمانداری کے ساتھ ضرورت مند مریضوں تک پہنچائی جائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے ایکسئین بلڈنگ کو حکم دیا کہ ہسپتال کے اندر جاری تعمیراتی و تزئین و آرائش کے کام کو جلد از جلد سے مکمل کیا جائے تا کہ یہاں آنیوالے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات خوشگوار ماحول میں میسر آسکیں ۔انہوں نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے احاطہ میں لانز کو لیول کر کے اس میں گھاس ، پھول اور دیگر پودے فوری طور پر لگائے جائیں ۔ڈپٹی کمشنر قصور نے تمام وارڈز ‘لیبارٹری ‘لیبر روم ‘ریکارڈ روم ‘ڈسپنسری ‘ڈائیلسز وارڈ ،آپریشن تھیٹر ، میڈیسن سٹورز اور شعبہ ایمرجنسی کا دورہ کیا ۔