زمیندار ، کسان زراعت کی ترقی کے ذریعے ملکی خوشحالی اور معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں

ہفتہ 25 فروری 2017 13:19

فیصل آباد۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء)پنجاب سیڈ کارپوریشن نے زمینداروں، کسانوں کی خوشحالی اورملکی معیشت میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے کپاس کی آئندہ فصل کاشت کرتے وقت بی ٹی کاٹن کی مختلف ورائٹی کے بیج کو اولیت دینے کی ہدایت کی ہے جس سے نہ صرف بہتر پیداوار حاصل ہوگی بلکہ کاٹن فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو دیر پا روزگار بھی میسر ہوگا۔

(جاری ہے)

پنجاب سیڈ کارپوریشن فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ ہماری تمام نقد آور فصلات میں سے سب سے زیادہ مقام کپاس کو حاصل ہے یہ فصل کاشتکاروں کو تمام سال کے اخراجات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے منسلک لاکھوں افراد کو روزی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص پنجاب میں بی ٹی اقسام کی کاشت کا دائرہ وسیع کیا جائے جس کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے بیج کی فراہمی کو مؤثر اور فعال بنایا گیا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ ملکی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے فراہم کردہ شہ زور بیج ہی کاشت کریں ۔