محکمہ زراعت نے زرعی اجناس کی قیمتوں کی معلومات روزانہ کی بنیادپر فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ تشکیل دیدی

جمعرات 2 مارچ 2017 16:43

فیصل آباد۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2017ء)محکمہ زراعت نے زرعی اجناس کی قیمتوں کی معلومات روزانہ کی بنیادپر فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ تشکیل دیدی ہے اور بتایا ہے کہ محکمہ نے زرعی مارکیٹنگ کا جدید نظام متعارف کروایا ہے جس سے کاشتکار اپنے علاقے کے لحاظ سے زرعی اجناس کی قیمتیں انٹرنیٹ کی مدد سے زرعی مارکیٹنگ کی ویب سائٹ (www.amis.pk) سے حاصل کر سکتے ہیں ۔

محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے زرعی اجناس کی تھوک قیمتیں اردواور انگریزی دونوں زبانوں میں مہیا کی گئی ہیں جبکہ محکمہ زراعت پنجاب ان قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہا ہے اور کاشتکار وں کو اس ویب سائٹ کے ذریعے یہ سہولت بھی دستیاب ہے کہ وہ مقامی قیمتوں کا بین الاقوامی منڈیوں سے تقابلی جائزہ بھی لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ زرعی مارکیٹنگ کے اس نظام کا مقصد صوبے بھر کی زرعی منڈیوں میں اجناس کی تھوک قیمتوں کے بارے میں عوام الناس کو فوری اور بروقت آگاہ کرنا ہے نیز اس نظام کے تحت صوبے بھر کے زرعی کاشتکاروں کومقامی سطح پر اجناس کی خرید و فروخت کے بارے میں آگاہی فراہم بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب اس نظام کو مزید جدت پسندی کی طرف لے کر جارہی ہے اور جلد ہی سمارٹ فون پر منڈیوں کی صورت حال اور زرعی اجناس کی خرید و فروخت کے متعلق آگاہی کیلئے سوفٹ وئیر متعارف کروایا جائے گا جس کے ذریعے کاشتکار منڈیوں کی صورت حال کے متعلق اپنے سمارٹ فون کے ذریعے آگاہی لے سکے گا۔

انہوںنے بتایاکہ اس نظام سے کاشتکار مڈل مین کی استحصالی سے بڑی حد تک بچ سکے گا اور زرعی اجناس کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوگا۔