جڑی بوٹیوں کی وجہ سے فی ایکٹر پیدا وار میں 14 سے 42 فیصد تک کمی واقع ہو جاتی ہے،محمد رمضان نیازی

منگل 7 مارچ 2017 16:42

سرگودھا۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء)ڈائریکٹر محکمہ زراعت سرگودہا ڈویژن محمد رمضان نیازی نے کہا کہ محکمہ زراعت کے زیر اہتمام چار مارچ سے بارہ مارچ تک جڑی بوٹیوں کی تلفی کا ہفتہ منایا جارہا ہے۔ جڑی بوٹیوں کی وجہ سے فی ایکٹر پیدا وار میں 14 سے 42 فیصد تک کمی واقع ہو جاتی ہے جس سے زرعی معیشت پرمنفی اثرات مرتب ہو تے ہیں۔

اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ فصلوں سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہر شہری اپنی حیثیت میں قومی ذمہ داری اداکرے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فصلوں سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی سے قبل اپنے دفتر میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔واک اور سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فیض محمد کندی اور ڈاکٹر بشارت کے علاوہ محکمہ زراعت کے دیگر افسران اور فیلڈ سٹاف نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

محمد رمضان نیازی نے کہا کہ جڑی بوٹیاں فصلوں کے ساتھ ساتھ انسانی صحت کیلئے بھی مضر ہیں۔ انہوں کہا کہ حکومت کی ہدایات کے تحت ہفتہ انسداد جڑی بوٹیوں کے سلسلہ میں تمام سرکاری عمارات ‘شاہرات اور دیگر مقامات سے جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ مزید برآں تعلیمی اداروں میں بھی آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں جڑی بوٹیوں کے خاتمے اور اسکے نقصانات کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہفتہ تلفی مہم جڑی بوٹیوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور زمیندار بھائی حکومت کے اس مشن کی کامیابی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔