نائٹروجن کو فاسفورس یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ کھاد کے ساتھ مکس کرکے استعمال کرنے سے گندم کی 10فیصد اضافی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ،ماہرین زراعت

ہفتہ 11 مارچ 2017 16:40

فیصل آباد۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاہے کہ نائٹروجن کو فاسفورس یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ کھاد کے ساتھ مکس کرکے استعمال کرنے سے گندم کی 10فیصد اضافی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ جدید تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر نائٹروجن کھاد کو فاسفورس کھاد کے ساتھ 1:1 یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ کھاد کے ساتھ 1:1.5 کی شرح کے ساتھ مکس کر کے استعمال کیا جائے تو اس کے بہترین نتائج کے حصول سمیت گندم کی 10فیصد بلکہ اس سے بھی زیادہ اضافی پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔

انہوںنے انکشاف کیا کہ زرعی ماہرین نے انتہائی کامیابی کے ساتھ مذکورہ طریقہ دریافت کیا ہے جس کے استعمال سے زیادہ پیداوار حاصل کر کے عام حالات کے باوجود قومی معیشت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ شو ر زدہ زمین میں این ایچ 4 اور این او 3 کو ملا کر استعمال کرنے سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے بتایاکہ مختلف فصلوں کی کاشت اور ان کی فی ایکڑ بھر پور پیداوار کے حصول سمیت اراضی کی زرخیزی کیلئے استعمال کی جانے والی نائٹروجن یوریا کھاد کی 30فیصد مقدار بخاراتی شکل میں ضائع اور گیس کی صورت میں ہوا میں تحویل ہو جاتی ہے جس کے باعث نائٹروجن کی صلاحیت میں بھی خاطر خواہ کمی و اقع ہوتی ہے اور نتیجتاً توقعات کے مطابق فصل حاصل نہیں ہوتی ۔

زرعی ماہرین نے اپنی جدید تحقیق کی روشنی میں اے پی پی کو بتایا کہ یوریا پاکستان میں میجر نائٹروجن کھاد ہے اور مختلف فصلات کی کاشت سمیت زمین کو زرخیز اور زیادہ پیداوار کی فراہمی کے قابل بنانے کے لئے اس کا استعمال عام ہے لیکن جب یہ کھاد کھیتوں کھلیانوںمیں استعمال کی جاتی ہے تو اس کی 30 فیصد مقدار گیس کی صورت میں بخارات بن کر تحلیل ہو جاتی ہے اور اس سے اس کے مطلوبہ نتائج میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔