ماہرین زراعت کی گندم کی کٹائی کے دوران تھریشر کی رفتار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت

منگل 11 اپریل 2017 13:52

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2017ء) ماہرین زراعت نے مکمل طور پر پک کر تیار ہونے کے بعد گندم کی فصل کی کٹائی کے دوران تھریشر کی رفتار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ زمیندار ، کاشتکار، کسان گندم کی برداشت کے مراحل میں ضروری ہدایات اور سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ انہوںنے کہاکہ تھریشر تیز چلنے سے گندم کے دانے ٹوٹ جاتے ہیں اور کم رفتار سے دانوں کے ساتھ گندم کے سٹوں کے ٹکڑے بھی نکل آتے ہیں لہٰذا تھریشر کی رفتار کو مناسب رکھنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ بارش کے دوران گندم کے دانوں کو اچھی طرح ڈھانپ دینا چاہیے اور بیج کو ذخیرہ کرنے سے پہلے دھوپ میں بکھیر کر اچھی طرح خشک کر لینا چاہیے تاکہ دانوں میں نمی کا تناسب 10فیصد سے زیادہ نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دانوں کو ہمیشہ نئی بوریوں میں ذخیرہ کرنا چاہیے تاہم پرانی بوریوں میں دانے ذخیرہ کرنے سے پہلے بوریاں اچھی طرح جھاڑ لینی چاہئیں ۔ انہوںنے مزید ہدایت کی کہ گودام صاف ستھرے ، روشن اور ہوا دار ہونے چاہئیں اور گوداموں کی چھت ، دیوار ، فرش اور دراڑوں میں موجود درزوں کو بھی اچھی طرح بند کر دینا چاہیے تاکہ اس میں کیڑے مکوڑے پناہ نہ لے سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ ہدایات پر عمل کرکے کاشتکار بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔