امرود کے نئے پودے لگانے کا عمل 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 12 اپریل 2017 14:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2017ء) ماہرین زراعت نے باغبانوں کو امرود کے نئے پودے لگانے کا عمل 30اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اپریل کا مہینہ امرود کے نئے پودے لگانے کیلئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ اس مہینہ میں لگائے گئے پودے بہتر پرورش کے حامل ہو سکتے ہیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ امرود کے پودے لگانے کیلئے بھاری میرا سے ہلکی ریتلی اور ہر قسم کی زمین کا چنائو کیاجا سکتاہے تاہم نرم اور ذرخیز زمین امرود کی کاشت کیلئے آئیڈیل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اچھی پیداوار کے حصول کیلئے امرود کی اقسام سفیدی ، صراحی ، چھوٹی صراحی، کریلا، حصفی اور بے دانہ بہترین نتائج کی حامل ثابت ہوئی ہیں، انہوںنے بتایاکہ جہاں پودا لگانا مقصود ہو وہاں 3مکعب فٹ سائز کے گڑھے کھودنے چاہئیں اور گڑھا کھودتے وقت اوپر کی 30سینٹی میٹر مٹی ایک طرف جبکہ باقی مٹی دوسری طرف کر دینی چاہیے اور ان گڑھوں کو 2سے 3ہفتے تک کھلا چھوڑ دینا چاہیے ، انہوںنے بتایاکہ امرود کے نئے پودے لگانے سے 2ہفتے قبل گڑھوں کی اوپر والی ایک فٹ مٹی کے برابر ایک حصہ بھل اور ایک حصہ گوبر کی گلی سڑی کھاد اچھی طرح ملا کر بھر دینی چاہیے تاکہ پودے کی بہترین افزائش نسل یقینی ہو سکے، انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔