رواں ماہ کے وسط تک مقامی منڈیوں میں پہنچنے والی کپاس میں گزشتہ برس کے اسی مدت کے مقابلہ میں 9.81 فیصد اضافہ

جمعرات 20 اپریل 2017 13:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2017ء) رواں ماہ کے وسط تک مقامی منڈیوں میں پہنچنے والی کپاس کی پیداوار گزشتہ برس کے اسی مدت کے مقابلہ میں 9.81 فیصد زیادہ ہے۔ 15 اپریل تک مقامی منڈی میں کپاس کی ایک کروڑ7لاکھ 27ہزار 182 گانٹھیں پہنچی ہیں جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 97لاکھ 68ہزار 443 گانٹھیں تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطابق 15 اپریل 2017ء تک تقریباً37لاکھ 87ہزار 111 گانٹھیں سندھ سے مقامی منڈی میں آئیں جو گزشتہ برس اسی مدت کے دوران سندھ کی مقامی منڈی میں آنے والی کپاس کی پیداوار 37لاکھ 66ہزار 37گانٹھوں پر مشتمل تھی۔

دریں اثناء رواں ماہ کے دوسرے ہفتے تک 2لاکھ 2ہزار 356 گانٹھوں کی برآمد ہوئی جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصہ میں کپاس کی برآمدات 3لاکھ 62ہزار 141 گانٹھ تھی۔ زیر جائزہ عرصہ کے دوران غیر فروخت شدہ مجموعی سٹاک 2لاکھ 65ہزار 597گانٹھ ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ برس اس عرصہ میں 3لاکھ 49ہزار 776 گانٹھوں کے غیر فروخت شدہ سٹاک پر مشتمل تھا۔