اسلام آباد کے تمام ماڈل ویلجز کو اپ گریڈ کر کے اسلام آباد کے سیکٹروں کے ہم پلہ بنایا جائیگا، شیخ انصر عزیز

منگل 25 اپریل 2017 23:48

اسلام آباد کے تمام ماڈل ویلجز کو اپ گریڈ کر کے اسلام آباد کے سیکٹروں ..
․اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2017ء)اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تمام ماڈل ویلجز کو اپ گریڈ کر کے انہیں اسلام آباد کے سیکٹروں کے ہم پلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے مارگلہ ٹاو ن کے مکینو ں کے مطالبے پر مارگلہ ٹاون کے تیسرے فیز کی منصوبہ بندی کیلئے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کر دیں۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد وچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مارگلہ ٹاون میں پانی کی پائپ لائن بچھانے کے کام کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر وز یر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنا کر ملک کو وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی مدبرانہ اور دور اندیشن قیادت میں ایشیاء کا مضبوط ترین معاشی ملک بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مارگلہ ٹاون سیمت اسلام آباد کے شہری بالخصوص دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور موجود سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لئے حکومت کی طر ف سے فنڈز کے حصول اور ترقیاتی کاموں سے متعلق بتایا کہ اسلام آباد میں شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ تقریب کا اہتمام میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کی یونین کونسل کے چیئرمین سید ظہیر شاہ نے کیا ۔

تقریب میں ایم سی آ ئی کے ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی ، چوہدری رفعت جاوید اور اعظم خان کے علاوہ یونین کونسل کے چیئرمین سردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ ، راجہ وحید الحسن ، اور مارگلہ ٹاون کے رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے شرکاء سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام منتخب نمائندے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور ایم سی آئی اسلام آباد کے دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ مرتکز کئے ہو ئے ہے تا کہ اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقے میں موجود تفریق کو ختم کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کڑوروں روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت پانی کی بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی ، نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب اور پانی کے مزید ذخائر پر بھر پور طریقے سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بارشوں کی کمی کے باعث پانی کے استعمال میں احتیاط لازم ہے تاہم ایم سی آئی نے خراب ٹیوب ویلوں اور ان کی موٹروں کی مرمت کے لئے کڑوروں روپے کے فنڈز مختص کر کے اخبارات میں ٹینڈر جاری کر دیئے ہیں اور پرانی پائپ لائنوں کی مرمت کا کام اگلے چند دنوں تک شروع کر دیا جائے گا ۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ مارگلہ ٹاون میں 25لاکھ روپے کی لاگت سے پائپ لائن کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جس سے مارگلہ ٹاون کے فیز ون کو پانی کی ترسیل میں مزید بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ ٹاون میں زیادہ تر سٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کر دیا گیا ہے اور باقی ماندہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام جاری ہے ۔انہو ں نے کہا اسلام آباد شہر کے علاوہ دیہی علاقوں میں صفائی کے لیے جدید سالڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جبکہ مارگلہ ٹاون کی مرمت طلب سڑکوں کی مرمت بہت جلد شروع کر دی جائے گی ۔

انہوں نے مارگلہ ٹاون کے مکینوں کے مطالبے پرادارے کے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ مارگلہ ٹاون کے فیز 3کے لئے تمام منصوبہ بندی مکمل کی جائے ۔ قبل ازین یونین کونسل کے چیئرمین سید ظہیر شاہ نے مارگلہ ٹاون کے مکینوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کا علاقے کی مکینوں کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ عوامی مسائل عوامی نمائندے حل کرنے کی اھلیت رکھتے ہیں اور وہ اپنے قائدین کی قیادت میں عوام کے مسائل اس طرح ان کی دھلیز پر حل کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر مملکت کیڈ اور میئر اسلام آباد نے نئی پائپ لائن کا افتتاح بھی کیا ۔