بارباڈوس ٹیسٹ میں پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے پر غور کرنے لگا

جمعرات 27 اپریل 2017 13:52

بارباڈوس ٹیسٹ میں پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے پر غور کرنے لگا
کنگسٹن / جمیکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2017ء) بارباڈوس ٹیسٹ میں پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے پر غور کرنے لگا۔جمیکا میں فتح پر خوشی سے سرشار پاکستانی ٹیم اب بارباڈوس میں بھی سرخروہوتے ہوئے ویسٹ انڈیز میں پہلی سیریز جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہے، البتہ اتوار سے شروع ہونے والا دوسرا معرکہ سر کرنے کیلیے غلطیوں پر قابو پانے اور اچھی پلاننگ کی ضرورت ہوگی۔

مصباح الحق بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ہم 2 لیگ سپنرز کو شامل کرسکتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ برج ٹائون کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ جمیکا میں پچ پر نمی کے پیش نظر ہم نے 3 پیسرز شامل کیے تھے، ہمارے ٹیم کمبی نیشن میں پانچویں بولر کیلیے جگہ نہیں بنتی، 6 اسپیشلسٹ بیٹسمین اور ایک وکٹ کیپر کی موجودگی میں3پیسرز اور2سپنرز پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنائے جا سکتے جبکہ محدود اوورز کی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی سے متاثر کرنے والے شاداب خان کے بارے میں کپتان نے کہا کہ لیگ اسپنر کو آزمانے کا فیصلہ دوسرے ٹیسٹ کے وینیوکی کنڈیشنز اور میچ سے قبل پچ کی صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ جمیکا ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ سے فتح کا مشن مکمل کرنے تک تمام فیصلے درست ثابت ہوئے، بارش کی وجہ سے وقت ضائع ہونے کے باوجود پلیئرز نے ٹیم پلان پر عمل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی،انھوں نے کہا کہ ٹیم کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشکل ترین کنڈیشنز میں شکستیں ہوئیں لیکن کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع بھی ملا،فٹنس اور فیلڈنگ میں بہتری لانے کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔

آرتھر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں ایک سخت گیر کوچ ہوں لیکن مقصد صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوتا ہے،جمیکا میں فتح کے بعد کسی سہل پسندی کا شکار نہیں ہو سکتے، بحیثیت ٹیم بہتر کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے کیریبیئن جزائر میں پہلی سیریز جیتنے کے سنہری موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، انھوں نے کہا کہ بارباڈوس میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل اوپننگ سمیت سامنے آنے والے مسائل پر قابو پانے کیلیے کام کرینگے، ٹیم کمبی نیشن سے چھیڑ چھاڑ کا فیصلہ کرتے ہوئے موسم اور پچ دونوں کے حالات دیکھنے ہونگے۔

متعلقہ عنوان :