ہاکی کا فروغ، زیمبیا نے پاکستان سے مدد مانگ لی

منگل 2 مئی 2017 13:45

ہاکی کا فروغ، زیمبیا نے پاکستان سے مدد مانگ لی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2017ء) زیمبیا نے ہاکی میں عالمی سطح پر نام بنانے کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی۔زیمبیا ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو خط لکھا ہے جس میں گرین شرٹس کی ماضی کی ان گنت کامیابیوں سے متاثر ہوکر پاکستان سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کو تحریر کردہ خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کے ہاکی کے عالمی میدانوں میں سنہری کارناموں سے انکار ممکن نہیں، ہمارے ملک میں فٹبال کے بعد ہاکی کا کھیل بھی بہت مقبول ہوتا جارہا ہے، ہم اس کھیل میں بہتری لانے کے لیے انقلابی اقدامات کرنا چاہتے ہیں لیکن فنڈز کی کمی، ماہر کوچز کا فقدان اور دوسرے تکنیکی معاملات آڑے آرہے ہیں، زمبیا میں کھلاڑیوں بالخصوص گول کیپرز کا سامان بہت مہنگا ہے، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ہاکی کی بہتری کے لیے ہماری بھرپور مدد کی جائے اور ہمیں گول کیپرز کا سامان، بالز سمیت دوسرا ضروری سامان عطیہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں خط میں پاکستان اور زمبیا کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر سیریز کھیلنے، کوچز کے تبادلے اور تربیتی کیمپس لگانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے زمبیا کے خط کا مثبت انداز میں جواب دیتے ہوئے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان ہاکی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ماضی میں چین، سری لنکا، ملائیشیا، میانمار سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں ہاکی کے فروغ کے لیے پیش پیش رہا ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ زمبیا ہاکی فیڈریشن نے اپنے ملک میں ویمنز ہاکی کے فروغ کیلیے دلاور بھٹی کی خدمات حاصل کرنے اور اکتوبر میں زمبیا میں ہی شیڈول افریقین چیمپئن شپ میں انھیں امپائر منیجر بنانے کی پیشکش بھی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :