علمائے کرام رمضان المبارک میں اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب میں اہم کردار ادا کریں ، ڈاکٹر حیدر اشرف

منگل 16 مئی 2017 22:10

علمائے کرام رمضان المبارک میں اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب میں ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ لاہور پولیس رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی کے فول پروف حفاظتی انتظامات کرے گی جس کیلئے 12 ہزار سے زائد جوان مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے تعینات کئے جائیں گے۔ شہر کی 3 ہزار سے زائد مساجد کو 3 کیٹیگریز A،B اور C میں تقسیم کیا گیا ہے۔

نفری کی تعیناتی بھی کیٹیگری کے لحاظ سے کی جائے گی۔ مساجد و امام بارگاہوں کی چھتوں پر سپیشل کمانڈوز کو تعینات کیا جائیگا۔ ہر نمازی کو 3 حصار میں جسمانی تلاشی کے بعد مسجد یا امام بارگاہ میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ لاہور پولیس نے سحری ، افطاری ، آخری عشرہ میں اعتکاف ، دسترخوانوں، رمضان بازاروں اور عید کے نزدیک مارکیٹوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔

(جاری ہے)

کیٹیگری A کی مساجد و امام بارگاہوں کو ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کا کور دیا جائیگا جبکہ B اور C کے گرد بھی موئثر گشت کویقینی بنایا جائیگا۔ رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی و ضابطہ اخلاق کے SOP پر مکمل عملدرآمد کروایا جائیگااور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین کواعتماد میں لینے کے بعد سکیورٹی کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کیا جائے۔

رمضان المبارک کے دوران علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ شہر کے تمام مذہبی تہواروں کے دوران علمائے کرام نے لاہور پولیس کا ساتھ دیا ہے اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ تمام ایس پیز سے لے کر ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقہ جات میں موجود علمائے کرام اور مساجد کی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ ملاقات کر کے انتظامات کو حتمی شکل دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں علمائے کرام کے ساتھ رمضان المبارک کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایس پی سکیورٹی عبادت نثار، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عاطف نذیراور علمائے کرام میں مفتی انتخاب احمد،صاحب زادہ پیر سید محمد عثمان نوری، مفتی محمد عمران حنفی، علامہ مشتاق حسین جعفری، سید علی مہندی شاہ، خواجہ بشارت حسین کربلائی، آغا شاہ حسین قزلباش، مولانا عبدالروف فاروقی، قاری حکیم محمود الحسن توحیدی، مولانا فصیح الدین، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا محمد نعیم، مولانا بشیر سلفی، بابو لطیف، ڈاکٹر منوہر چاند(ہندو)، چوہدری عامر صدیق اور ملک شاہد سلیم خان جدون نے شرکت کی۔

ایس پی سکیورٹی عبادت نثار نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس پولیس لائنز میں رضا کاروں کی باقاعدہ تربیت کروارہی ہے جس میں ان کو جسمانی تلاشی، واک تھرو گیٹ کا استعمال، میٹل ڈیٹیکٹر و دیگر آلات کے ساتھ ساتھ فائرنگ رینج میں پریکٹس بھی کروائی جائے گی۔ مفتی انتخاب احمد و دیگر علماء نے اس موقع پر کہا کہ بحیثیت علمائے کرام رمضان المبارک میں ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم اتحاد بین المسلیمین اور اتحاد بین المذاہب میں اہم کردار ادا کریں اور لاہور پولیس کا ساتھ دے کر دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملائیں۔ ہم یہاں لاہور پولیس کی سینئر کمانڈ کو یہ یقین دہانی دلاتے ہیں کہ ہم لاہور پولیس کا مکمل ساتھ دیں گے اور ہر جگہ شانہ بشانہ معاملات طے کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :