چیئرمین سینٹ نے نہال ہاشمی کا استعفیٰ واپس کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 7 جون 2017 12:19

چیئرمین سینٹ نے نہال ہاشمی کا استعفیٰ واپس کردیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جون ۔2017ء) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے مسلم لیگ نون کے راہنماءسینٹرنہال ہاشمی کی جانب سے استعفیٰ واپس کرنے کے درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا ایوان بالا کی رکنیت سے استعفیٰ واپس کردیا ہے۔چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نے نہال ہاشمی کے استعفے سے متعلق رولنگ پڑھ کر سنائی۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی نے 31 مئی کو سینیٹ سیکریٹریٹ میں خود پیش ہو کر نامعلوم وجوہات کی بنا پر استعفیٰ پیش کیا تھا۔رضا ربانی نے رولنگ سناتے ہوئے کہا کہ انھوں نے یکم جون کو سینیٹ سیکریٹریٹ کو ایک نوٹس جاری کرنے کیلئے کہا تھا کہ نہال ہاشمی 5 جون 2017 کو خود پیش ہو کر استعفیٰ دینے کی وجوہات بتائیں انھوں نے پیش ہونے سے معذرت کی اور نئی تاریخ دینے کی استدعا کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نہال ہاشمی 6 جون کو خود میرے سامنے پیش ہوئے اور ان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی جسے منظور کرلیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 7 جون کو نہال ہاشمی کیلئے خود پیش ہونے کا حکم غیر موثر ہوگیا ہے اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ اس فیصلے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھی آگاہ کردیا جائے۔ سینیٹر نہال ہاشمی کی غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز تقریر کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے نہال ہاشمی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی، جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اونگزیب نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ نہال ہاشمی سے سینیٹ کی رکنیت سے بھی استعفیٰ طلب کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :