جپسم تیار کرنے اور سٹون گرینڈنگ فیکٹریوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے لئے تمام ترحفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت

اتوار 18 جون 2017 23:41

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2017ء)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ جپسم تیار کرنے اور سٹون گرینڈنگ فیکٹریوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو سٹون گرینڈنگ کے دوران نکلنے والے گردآلود غبار سے بچانے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں اس پر فوری عملدرآمد کیلئے محکمہ ماحولیات اور لیبر کے افسران کو خصوصی ٹاسک دے دیاگیاہے کہ وہ ڈیرہ غازیخان اور راجن پور اضلاع کے گردونواح میںموجود ایسی فیکٹریوں پر چھاپے ماریں‘آلودہ مواد کے اخراج اور مزدوروں کی صحت کی حفاظت کیلئے ضروری سامان وا ٓلات نہ رکھنے پر فیکٹریوں کے مالکان کو نہ صرف بھاری جرمانے کیے جائیں بلکہ ان کی فیکٹریوں کے لائسنس منسوخ کر کے انہیں سربمہر کر دیاجائے۔

انہوںنے یہ بات اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفرضیاء ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل سیف الرحمن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجن پور افضل نصیر خان ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد سکھانی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمن شاہ کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔

کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مزدور طبقہ کو ہماری معیشت میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ان کی صحت اور جان کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ فیکٹری مالکان زہر آلود گرد و غبار کے اخراج کیلئے فوری حفاظتی اقدامات کریں اور قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ماحولیات او رلیبر سٹون گرینڈنگ ، فیکٹریوں سے نکلنے والے زہرآلود گردوغبار کو کنٹرول کرنے میں اپنا موثر کردارادا کریں۔

اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد اور ٹیچنگ ہسپتال ڈیر ہ غازیخان کے ماہر امراض وسینہ ڈاکٹر جواد ذکا نے سٹون گرینڈنگ فیکٹریو ں سے نکلنے والے مواد کے انسانی صحت پر مضر اثرات اور اس کے تدارک بارے بریفنگ دی ․ ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے کمشنر کوبتایاکہ چوٹی بالا کے نواحی موضع چک نگر میں رہائش پذیر نانگری برادری زیادہ اجرت ملنے پر ڈیرہ غازیخان ، راجن پور ، لاہو ر، شیخوپورہ او راس کے گردونواح میں ماربل ، کیمیکل ، جپسم اور سٹون گرینڈنگ فیکٹریوں پر کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے اس خاندان کے اکثر افراد سانس و دیگر بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں ․ سینکڑوں نوجوان اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ان فیکٹریوں کومزدوروں کی حفاظت کے حوالے سے ناقص انتظامات کرنے پر سیل کرنے کیلئے سفارشات حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں‘ تاہم سٹون گرینڈنگ کے گردو غبار سے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کیلئے ضلع کے ہسپتالوں میں خصوصی بیڈز مختص کیے گئے ہیں او ران علاقوں میں سماجی تنظیموں کے تعاون سے سٹون و جپسم گریڈنگ کے گردو غبار سے بچائو بارے جلد آگاہی مہم چلائی جائے گی۔