تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلدکراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے‘ وزیر اعلی سندھ

ہفتہ 8 جولائی 2017 23:14

تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلدکراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کراچی پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق وزیراعلی ہاؤس میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ بلدیات کے صوبائی وزیر جام خان شورو، چیئرمین منصوبابندی و ترقیات محمد وسیم، سیکریٹری بلدیات رمضان اعوان، منصوبابندی و ترقیات کراچی پیکیج نیاز سومرو اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی شہر میں ترقیاتی کام سست روی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم جتنا جلد ہوسکے منصوبوں کی تکمیل کی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکاء نے وزیراعلی سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرگ روڈ انڈر پاس کا کام 85 فیصد مکمل ہوگیا ہے۔ حسن اسکوائر روڈ کے 50 فٹ کے ایک حصے پر بارش کا پانی جمع ہونے سے روڈ کو کافی نقصان پہنچا، لیکن اب اس کی مرمت کردی گئی ہے۔

اجلاس میں مزید آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے لئے نئے منصوبوں شروع کئے جا رہے ہیں جن میں سے ٹیپو سلطان سے شاہراہ فیصل روڈ، لی مارکیٹ فلائی اوور، کینٹ اسٹیشن روڈ، فوارہ سے گارڈن روڈ کی از سر نو تعمیر، آئی سی آئی چوراہا، اورنگی روڈ کی چوڑائی، سنسیٹ اور گزری بائولیوارڈ وغیرہ شامل ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ لی مارکیٹ فلائی اوور اور کینٹ اسٹیشن روڈ اہم منصوبے ہیں جس پر کام جلد شروع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ناتھا خان پر جاری نالے کے کام کو ہر صورت جلد مکمل کیا جائے، ناتھا خان یوٹرن کا کام بھی میں جلد مکمل دیکھنا چاہتا ہوں۔ ایف ٹی سی سے شاہراہ قائدین تک روڈ کی تعمیر بھی فوری شروع کردی جائے۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے 15 جون تک مکمل ہوجائے گا۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ میں خود ہر کام کی نگرانی کر رہا ہوں۔

متعلقہ عنوان :