ترشاوہ پودوںکو نائٹروجن کی تیسری قسط اگلے ماہ ڈالنے کی ہدایت

پیر 17 جولائی 2017 13:23

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ باغبان اگلے ماہ اگست کے دوران کھٹی کی پنیری لگانے کاعمل مکمل کرلیں اور ترشاوہ پودوںکو نائٹروجن کی تیسری قسط بھی ڈال دیں تاکہ ترشاوہ پھلوں کی شاندار پیداوار کاحصول ممکن ہوسکے۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ذرائع نے کہا کہ باغبان ماہ اگست کے دوران پیوند کاری کا عمل جاری رکھیں اور باغات میں پودوں کے ناغوں کا بھی جائزہ لیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر باغات اور نرسریوں میں کیڑے مکوڑوں یا بیماریوں کی کوئی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب سپرے بھی کیا جائے۔ انہوں نے بتایاکہ اکثر اوقات مون سون کی بارشوں یا موسم برسات کے دوران پودوں کے تنوں سے گوند نکلنا شروع ہو جاتی ہے لہٰذا اسے کسی تیز دھار آلے سے اتارکر زخموں پر بورڈ و پیسٹ لگادینا چاہیے تاکہ پودے کا معیار متاثر نہ ہو۔انہوںنے بتایاکہ مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔