کپاس کے کاشتکاروں کو بارشوں سے فصل کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

جمعہ 21 جولائی 2017 17:26

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء)کپاس کے کاشتکار رواں شدید بارشوں سے فصل کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے خصوصی حفاظتی و تدارکی انتظامات کریں اور اس مقصد کیلئے کپاس کے کھیتوں کے چاروں اطراف کھائی کھود کر بارش کا پانی اس میں ڈال کر اپنی قیمتی فصل کو محفوظ بنائیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ذرائع نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں مزیدبارشوں کا امکان ہے لہٰذا کاشتکار کپاس کی فصل کی حفاظت کے لئے چوکس رہتے ہوئے ضروری انتظامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے مشورہ کر کے مناسب ادویات کا سپرے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت اور رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت تیارو دستیاب ہے لہٰذا کسی بھی قسم کی مشاورت ، رہنمائی یا معلومات کیلئے ان سے ہمہ وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے۔