پشاور،وزیراعلیٰ پرویزخٹک کا کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیر مقدم

صوبائی حکومت ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے ۔خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین صوبہ بن چکا ہے،پرویزخٹک

جمعرات 10 اگست 2017 23:32

پشاور،وزیراعلیٰ پرویزخٹک کا کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل کی سرمایہ کاری ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل Rosemari Hilhorst کی خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی اور دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت ہر قسم کی معاونت اور سہولیات کی فراہمی کیلئے تیار ہے ۔خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین صوبہ بن چکا ہے۔

شفاف نظام اور بااختیار اداروں کا قیام اُن کی حکومت کی ترجیح رہی ہے ۔صوبائی صنعتی پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی جارہی ہیں۔ہم نے صوبے کو بیرونی اور مقامی سرمایہ کاروں کیلئے اوپن کر دیا ہے۔سی پیک کے تناظر میں خیبرپختونخوا صنعت و تجارت کا حب بننے جارہا ہے ۔چین سمیت دیگر بیرونی ممالک کے سرمایہ کار خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کے بیجنگ میں حالیہ اکنامک روڈ شو میں 23 ارب ڈالر کے منصوبوں پر ایم او یوز کئے گئے جن کے تحت متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کا عمل جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاو رمیں کنٹری ڈائریکٹر Rosemari Hilhorst کی سربراہی میں برٹش کونسل پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سٹرٹٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور اوردوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل کی طرف سے خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی اور صوبائی حکومت پر اُن کے اعتماد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت چین سمیت دیگر دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کی خواہاں ہے اور اس مقصد کیلئے نظر آنے والے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخواماضی میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کیلئے موزوں نہیں تھا جس کے پیچھے نظام کی کمزوری سمیت کئی دیگر وجوہات تھیں ۔ موجودہ صوبائی حکومت کی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست صنعتی پالیسی کی وجہ سے نئی صنعتوں کا احیاء ہونے لگا ہے۔ سی پیک کی وجہ سے بیرونی ممالک کے سرمایہ کار بھی یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈ و آپریشن کی سہولت سمیت پرکشش مراعات دے رہی ہے۔

سی پیک کے تناظر میں بیجنگ روڈ شو میں کئے گئے معاہدوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ آئندہ چھ سات سال میں 10 ارب ڈالر سے زائد آمدنی کی توقع ہے۔صوبے بھر میں 17 صنعتی زونز قائم کئے جارہے ہیں۔ صوبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے پیش نظر ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو پاکستان ایئر فورس ، چین کی کمپنیوں ، فرنٹیرورکس آرگنائزیشن اور دیگر سرمایہ کار کمپنیوں کے ذریعے قائم کئے جارہے ہیں۔

صنعتکاروں اور متعلقہ کمپنیوں کی ڈیمانڈ پر تربیت یافتہ مطلوبہ افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ تربیتی مراکزکے قیام کو متعلقہ اکنامک زونز میں ہی ترجیح دی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کنٹری ڈائریکٹر کی خصوصی دلچسپی پر تعلیم اور صحت کے شعبے میں حکومتی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن کا زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے ۔

صوبہ بھر کے سکولوں میں سٹاف اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم شروع کیا ہے تاکہ سب کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آئیں ۔صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اساتذہ کو حاضری کا پابند اور جوابدہ بنایا گیا ہے۔بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو ایوارڈ دیا جا تا ہے ۔اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی ترسیل ، فیکلٹی کے تبادلے اور تحقیق کے شعبے میں بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے کئے جارہے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں ریسرچ سنٹرز اور لیبارٹریز کے قیام کیلئے سنگوا یونیورسٹی بیجنگ کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صحت کے حوالے سے کہاکہ شعبہ صحت میں دیگر انقلابی اصلاحات کے ساتھ ساتھ صحت انصاف کارڈ صوبائی حکومت کا ایک اہم پالیسی اقدام ہے جس کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہے ۔اس منصوبے کے تحت24 لاکھ مستحق خاندانوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔کنٹر ی ڈائریکٹر برٹش کونسل نے صوبائی حکومت کی اصلاحات اور پرویز خٹک کی قیادت پر بھر پور اعتما د کا اظہا رکرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی خواہش کا اظہار کیا انہوںنے خیبرپختونخو اکے مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ۔

متعلقہ عنوان :