سکھر میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میونسپل اسٹیڈیم میں ہوگی، میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر قومی پرچم لہرائینگے

جمعہ 11 اگست 2017 23:30

سکھر۔ 11اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) ضلع سکھر میں بھی پاکستان کا یوم آزادی 14اگست کو بھرپور قومی جوش اور جذبے سے منایا جائیگا، ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کے اعلامیہ کے مطابق جشن آزادی کی اہم اور مرکزی تقریب 14اگست کی صبح جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں منعقد ہوگی، جس کے مہمان خصوصی میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ ہونگے، اعلامیہ کے مطابق جشن آزادی کے دن کی آغاز نماز فجر کے بعد مساجد اور عبادتگاہوں میں ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائوں سے کی جائیگی۔

سکھر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے تمام تعلقہ ہیڈکوارٹرز میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ تمام اسکولز ، کالیجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی طلباء کے درمیان تقاریر، ملی نغمے اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیئے جائینگے۔

(جاری ہے)

جناح اسٹیڈیم سکھر میں ہونے والی تقریب میں میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو قومی پرچم لہرائینگے، جبکہ قومی ترانے کے بعد پریڈ میں سلامی دی جائیگی۔ اسی طرح جشن آزادی تقریب میں مختلف اسکولز کے طلباء و طالبات قومی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش ہونگے۔ اعلامیہ کے مطابق 14اگست کی رات تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا، جبکہ شہر کو قومی و رنگ برنگی جھنڈیوں سے سنوارا گیا ہے۔