وزیراعلیٰ بلوچستان کی گوادر میں دشتی مارکیٹ کے قریب دستی بم حملے کی مذمت ،جانی نقصان پر اظہار افسوس

منگل 5 ستمبر 2017 22:52

وزیراعلیٰ بلوچستان کی گوادر میں دشتی مارکیٹ کے قریب دستی بم حملے کی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گوادر میں دشتی مارکیٹ کے قریب دستی بم حملے کے نتیجے میں معصوم افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس واقعہ کو دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائی قراردیتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز دہشتر گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں کررہی ہیں جس کے باعث دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کے حصول اور بچے کچھے دہشت گرد اپنی موجودگی کو ثابت کرنے کے لئے کمزور اہداف اور عام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کو سی پیک اور جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے منفرد مقام حاصل ہے یہاں پر باہر سے آنے والے سیاحوں، مہمانوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا اور بلوچستان کی صدیوں پرانی مہمان نوازی کی روایات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی روایات کو دہشت گردوں کے ہاتھوں پامال نہیں ہونے دیں گے۔

ہماری فورسز دہشت گردوں کا ہرجگہ پیچھا کرکے انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم قوم کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ میں امن قائم کرکے ترقی وخوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا اور امن دشمن عناصر کو شکست سے دوچار کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :