ترقیاتی ادارہ نے ڈینگی کے سد باب کیلئے مہم تیز کردی

جمعرات 7 ستمبر 2017 12:54

فیصل آباد۔7 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2017ء) فیصل آباد ترقیاتی ادارہ نے ڈینگی کے سد باب کیلئے مہم تیز کردی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں خالی پلاٹس سے گندا پانی نکلوانے سمیت جھاڑیاں اور خود رو پودے بھی تلف کر دیئے گئے ہیں۔ ایف ڈی اے کے ترجمان نے بتایاکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اپنی ٹیموں کی کارکردگی کی روزانہ روپورٹ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو فراہم کر رہے ہیں ۔

انہوںنے بتایاکہ تمام ٹیموں کی مانیٹرنگ کاعمل سختی سے جاری ہے اور عوام الناس میں صفائی ستھرائی و ڈینگی سے آگاہی مہم کے سلسلہ میں شعور بیدار کرنے کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ مختلف ٹیمیں ایف ڈی اے کی زیر کنٹرول کالونیوں مدینہ ٹائون ، ملت ٹائون ، گلبرگ ، گلفشان کالونی ، گلستان کالونی ، علامہ اقبال کالونی ، دو سو بارہ ، سرسید ٹائون ، ایف ڈی اے سٹی ہائوسنگ سکیم، ناظم آباد، گلشن کالونی اور کچی آبادیوں میںگلی محلوں میں مصروف عمل ہیں اوران آبادیوں سے کوڑا کرکٹ وکچرا وغیرہ صاف کروا دیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا اور ڈینگی مچھر کی افزائش کی تمام ممکنہ جگہوں کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ گھر دفاتر دکانوں اور کھلی جگہوں پر کوڑا کرکٹ یا فالتو اشیاء جمع نہ ہونے دی جائیں اور دفاتر، گھروں کے ائیر کولرز میں کھڑا پانی نکالنے سمیت پانی جمع کرنے کے برتن، گھڑے ، ٹب ،ٹینکی وغیرہ کو ڈھانپ کر رکھاجائے تاکہ ڈینگی کی افزائش نسل کو روکنا ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :