حکومت کینولہ کی کاشت پر 5 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کر رہی ہے، محکمہ زراعت

ہفتہ 9 ستمبر 2017 16:36

لاہور۔9 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت صوبائی حکومت کینولہ کی کاشت پر بذریعہ وئوچر پانچ ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ یہ سبسڈی وئوچرز کینولہ بیج کی بوری میں فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت رجسٹرڈ کاشتکاروںکو کینولہ کی کاشت پر 10ایکڑ تک سبسڈی فراہم کی جائے گی، سبسڈی کے حصول کیلئے رجسٹرڈ کاشتکار کینولہ بیج کی بوری سے برآمد ہونے والے سکریچ کارڈ کا نمبر سپیس ڈال کر اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ 8070 پر ایس ایم ایس کریں گے۔

جوابی ایس ایم ایس موصول ہونے پر کاشتکار اپنے قریبی موبائل (ایزی لوڈ )شاپ سے ایک ہزار روپے فوری وصول کریں گے جبکہ بقایا چار ہزار روپے فصل کی کٹائی پر موصول ہونے والے ایس ایم ایس کی بنیاد پر ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ کاشتکار سبسڈی و دیگر معلومات کے حصول کیلئے 0800-15000یا 0800-29000پر کال کریں۔اس سبسڈی سکیم کے تحت تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا جس سے تیلدار اجناس کی درآمد پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی ہوگی۔گندم ضرورت کیلئے اور کینولہ منافع کیلئے بہترین زرعی اجناس ہیں۔