دھان کے کاشتکاروں میں زرعی مشینری کے انعامات کی تقسیم کیلئے درخواست فارم کی وصولی کی تاریخ 15ستمبر مقرر

ہفتہ 9 ستمبر 2017 18:04

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب دھان کے کاشتکاروں کے لئے لاکھوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات کی تقسیم کے لئے پیداواری مقابلہ باسمتی دھان 2017-18 کا انعقاد کرے گا، دھان کے پیداواری مقابلہ کے لئے شیخوپورہ ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، نارووال، منڈی بہائوالدین، بہاولنگر، جھنگ، پاکپتن، مظفرگڑھ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، گجرات، چنیوٹ، وہاڑی، ساہیوال، خوشاب، سرگودھا، خانیوال اور فیصل آباد کے کاشتکار حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

اس ضمن میں کاشتکار درخواست فارم کے حصول کے لئے متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے 15ستمبر تک مفت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ درخواست فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pkسے ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں یا درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی، مقابلے میں حصہ لینے والے کاشتکار پانچ ایکڑ متصل فصل جس میں باسمتی دھان کی منظور و تصدیق شدہ قسم باسمتی سپر / باسمتی 515- کی کاشت کو پیش کریں گے۔ باسمتی دھان کے پیداواری مقابلہ جات ضلعی و صوبائی سطح پر منعقد کئے جائیں گے۔ ان پیداواری مقابلہ جات سے دھان کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔