بھارت میں ایک ماہ کے بچے کے 7 دانتوں کا کامیاب آپریشن

ہفتہ 9 ستمبر 2017 18:15

بھارت میں ایک ماہ کے بچے کے 7 دانتوں کا کامیاب آپریشن
احمد آباد /لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 ستمبر2017ء) بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں ڈاکٹروں نے ایک ماہ کے بچے کے 7دانتوں کا کامیاب آپریشن کرلیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق آپریشن کرنے والے دانتوں کے سرجن ڈاکٹر میت راماتری نے بتایا کہ اب بچہ اب ٹھیک ہے۔یہ آپریشن گذشتہ ماہ اگست میں کیا گیا تھا۔ڈاکٹر میت نے بتایا ہے کہ یہ آپریشن دو مراحل میں کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں چار جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر تین دانت نکالے گئے۔بچے کے منہ میں دانتوں کے بارے میں اس کی پیدائش کے بعد معلوم ہوا تھا۔بچے کے والدین اسے اس وقت بچوں کے ڈاکٹر کے پاس لے کر گئے جب اسے دودھ پینے میں دشواری ہو رہی تھی۔بچوں کے ڈاکٹر نے جب اس بچے کا معائنہ کیا تو انھیں معلوم ہوا کہ اس بچے کے منہ میں سفید ٹشو موجود ہیں جس پر انھوں نے والدین کو ڈاکٹر میت راماتری سے ملنے کو کہا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر میت راماتری نے بتایا کہ جب میں نے اس بچے کا معائنہ کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ اس بچے کے منہ میں سات دانت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات نومولود بچوں کے منہ میں دانتوں کا اوپری حصہ دکھائی دیتا ہے لیکن وہ دانت کچھ وقت تک بڑھتے نہیں ہیں لیکن اس کیس میں دانت مکمل طور پر باہر آ چکے تھے۔ڈاکٹر میت کا کہنا تھا کہ یہ معمول کے مطابق حیاتیاتی نظام کا حصہ ہے لیکن اس کیس میں یہ وقت سے پہلے ہی ہو گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ انھیں ہر حال میں ان دانتوں کو آپریشن کے ذریعے ہی نکالنا تھا کیونکہ وہ مضبوط نہیں تھے اور ڈر تھا کہ اگر ایک بھی دانت ٹوٹ گیا تو وہ بچے کی سانس کی نالی میں پھنس سکتا تھا جس سے اس کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔

متعلقہ عنوان :