’’اتحاد ِ امت کنونشن ‘‘ اتحاد و یکجہتی کا بھر پور مظہر ثابت ہو گا،حافظ نعیم الرحمن

تمام مکاتبِ فکر کے علماء بڑی تعداد میں شریک ہونگے،علماء کرام سے بھر پور رابطے کیے جائینگے،امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کارکنان اور ذمہ داران ’سپورٹ روہنگیا فنڈ ‘مہم کے سلسلے میں رابطے جاری رکھیں،عوام کریں تعاون دل کھول کر عطیات دیں

بدھ 13 ستمبر 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) جماعت اسلامی کراچی اور جمعیت اتحاد امت العلماء کے زیر اہتمام اتوار 17ستمبر کو نیو ایم اے جناح روڈ پر ہو نے والے ’’اتحاد ِ امت کنونشن ‘‘ کی تیاریوں اور انتظامات اور جائزے کے لیے امراء اضلاع اور اتحاد العلماء کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ادارہ نور حق میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں علماء کنونشن کے حوالے سے علماء کرام سے رابطوں اور دیگر انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے اس امید اور توقع کا اظہار کیا کہ ’’اتحاد ِ امت کنونشن ‘‘ موجودہ حالات میں اتحاد و یکجہتی کا بھر پور مظہر اور پوری قوم کے احساسات و جذبات کا ترجمان ثابت ہو گا ۔

(جاری ہے)

کنونشن میں تمام مکاتب فکر اور مسالک کے علماء کرام بہت بڑی تعداد میں شر یک ہوں گے اور کنونشن کو بھر پور طریقے پر کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام تر فروعی و مسلکی اور دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر عالمی سطح پر امت ِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو نے اور ملک اور قوم کو بحرانوں سے نجات دلانے اور سیکولر اور لبرل عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بھر پور اتفاق ِ رائے پیدا کیا جائے ۔اس کے لیے تمام علماء کرام سے بڑے پیمانے پر رابطے کیے جائیں گے اور ان کو کنونشن میں شر کت کی دعوت دی جائے گی ۔

علماء کرام اور منبر و محراب موجودہ صورتحال اور نازک حالات میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ بر ما میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے اور احتجاجی تحریک کے ساتھ ساتھ ان کے لیے امدادی مہم بھی جاری رکھی جائے گی ۔کراچی کے عوام نے جس بھر پور طریقے سے سپورٹ روہنگیا مارچ کو کامیاب بنایا ہے اس طرح روہنگیا فنڈ میں اہل ِ کراچی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دل کھول کر عطیات جمع کرائیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ روہنگیا فنڈ کے سلسلے میں بازاروں ،اہم پبلک مقامات اور مساجد پر جھولی فنڈ جمع کریں اور اس سلسلے میں بھر پور رابطے کریں ۔

متعلقہ عنوان :